طوفان ‘ فونی ’ : وزیر اعظم جناب نریندر مودی حالات پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے کابینہ سکریٹری کو این سی ایم سی میٹنگ منعقد کرنے کی ہدایت کی
نئی دہلی، 29 اپریل / طوفان ‘ فونی ’ آج صبح چنئی کے 880 کلو میٹر جنوب مشرق میں پہنچ گیا ہے ۔ توقع ہے کہ 30 اپریل تک ، اِس طوفان کی شدت میں بہت زیادہ اضافہ ہو جائے گا ۔ یہ طوفان شمال مغرب کی جا نب بڑھتا رہے گا اور یکم مئی سے راہ بدل کر شمال مشرق کا رخ کرے گا ۔
ہندوستان کے محکمۂ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) نے اس کے تمل ناڈو اور آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کے امکان سے انکار کیا ہے لیکن اس طوفان کے اڈیشہ کے ساحل سے ٹکرانے کے امکان کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے ۔
وزیر اعظم خود حالات پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے کابینہ سکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ وہ حالات کا جائزہ لینے کے لئے متعلقہ ریاستی حکومتوں اور مرکزی وزارتوں / ایجنسیوں کے ساتھ بحران کے بندوبست کی قومی کمیٹی ( این سی ایم سی ) کے ساتھ میٹنگیں منعقد کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنے کے لئے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں ۔
این ڈی آر ایف اور انڈین کوسٹ گارڈ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور انہیں ریاستی حکومت کے حکام کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
اس سلسلے میں 25 اپریل سے ہی ماہی گیروں کے لئے مسلسل وارننگ جاری کی جا رہی ہے کہ وہ سمند رمیں نہ جائیں اور جو سمندر میں ہیں، اُن سے ساحل پر واپس آنے کے لئے کہا جا رہا ہے ۔ محکمۂ موسمیات تمام متعلقہ ریاستوں کے لئے تازہ ترین پیش گوئی کے ساتھ ہر تین گھنٹے بعد بلیٹن جاری کر رہا ہے ۔ وزارت داخلہ بھی متعلقہ ریاستی حکومتوں اور مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ مسلسل رابطہ بنائے ہوئے ہے ۔
Comments
Post a Comment