دہلی میں کانگریس کو بڑا نقصان شعیب اقبال اپنے کنبے کے ساتھ عآپ پارٹی میں شامل
نئی دہلی 9/ جنوری - سینئرکانگریس لیڈر اور دہلی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر شعیب اقبال نے دہلی اسمبلی انتخابات سے تقریبا ایک ماہ قبل پارٹی کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی کا دامن تھام لیا ہے۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کے صدر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ شعیب اقبال اپنے بیٹے اور کانگریس کونسلر آل محمد اقبال، اپنے بھتیجے اور سابق کونسلر خرم اقبال اور بھابھی سلطانہ عبید سمیت اپنے دیگر تمام ساتھیوں کے ہمراہ عام آدمی پارٹی میں شامل ہو گئے۔ اس موقع پر اوکھلا اسمبلی حلقہ سے عآپ رکن اسمبلی اور دہلی وقف بورڈ کے چئیرمین امانت اللہ خان بھی موجود تھے ۔ کئی سیاسی جماعتوں کا حصہ رہ چکے شعیب اقبال مٹیا محل اسمبلی سے مسلسل پانچ بار ممبر اسمبلی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے جنتا دل، جے ڈی یو ، آر ایل ڈی اور ایل جے پی جیسی پارٹیوں میں رہنے کے بعد گزشتہ اسمبلی انتخابات سے عین قبل کانگریس پارٹی کا دامن تھاما تھا۔ تاہم، فروری 2015 کے ریاستی اسمبلی الیکشن میں انہیں عام آدمی پارٹی کے عاصم احمد خان کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونا پڑا تھا۔ شعیب اقبال کی پارٹی میں انٹری سے یہ طے مانا جا رہا ہے کہ مٹیا محل سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار شعیب اقبال ہی ہوں گے ۔
Comments
Post a Comment