مغربی بنگال بی جے پی کے بگڑے بول ممتابنرجی کےلئے کیا غلط لفظ کا استعمال
کولکاتا 4/دسمبر / مغربی بنگال میں آئندہ سال 2021 میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس کے پہلے ہی لیڈران کے درمیان انتخابات کو لے کر زبانی جنگ تیز ہو گئی ہے۔ اسی بیچ مغربی بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممتا دیدی کو جئے شری رام بولنے میں کیا دقت ہوتی ہے؟ اس کے بعد بی جے پی لیڈر نے ممتا بنرجی کے لئے ایسے قابل اعتراض لفظ کا استعمال کیا جسے ہم یہاں نہیں لکھ سکتے ۔ مغربی بنگال کے بنگاوں میں ایک عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر دلیپ گھوش نے کہا کہ آخر ممتا بنرجی کے خون میں ایسا کیا ہے جو کہ وہ جئے شری رام نہیں بول سکتی ہیں۔ بھگوان رام کے ملک میں ہی ایسا سلوک کیوں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئیں گے تو اپنے کارکنان کی موت کا بدلہ بھی لیں گے ۔ بتا دیں کہ جئے شری رام کے نعرے کو لے کر بی جے پی اور ٹی ایم سی کے درمیان پہلے بھی مغربی بنگال میں تنازعہ ہو چکا ہے۔ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر اسے سیاسی شکل دینے کا بھی الزام لگایا تھا۔ وہیں، 2021 میں مغربی بنگال میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کو لے کر بی جے پی پوری تیاری میں جٹی ہے ۔ بی جے پی نے ریاست میں 200 سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھا ہے۔ اس کے لئے بی جے پی کے بڑے لیڈران مسلسل مغربی بنگال کے دورے کر رہے ہیں اور اپنی پارٹی کو وہاں زیادہ سے زیادہ مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

Comments
Post a Comment