بی جے پی امیدوار نے پریس کانفرنس میں کی من کی بات ، ترنمول امیدوار پر الزامات کےساتھ کامیابی کےبعد ترقیاتی خدمات کا کیا وعدہ
ہگلی/5اپریل : ضلع کے سپتگرام اسمبلی حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار سوراج گھوش نے اتوار کو اپنے انتخابی دفتر میں پریس کانفرنس کی اور میڈیا کے سامنے اپنے خیالات پیش کئے۔ اس ملاقات کے دوران سوراج گھوش نے کھل کر علاقائی اور مقامی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سپتگرام اسمبلی حلقہ میں عام لوگوں کو ترنمول کانگریس کے تحت بنیادی سہولیات کی خاطر خواہ ترقی نہیں ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ تعلیم، صحت، نکاسی آب اور پینے کے پانی سمیت کئی شعبوں میں پیچھے ہے۔ بی جے پی امیدوار نے کہا کہ ریاستی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے دھان اور آلو کے کسانوں کی حالت بھی مسلسل خراب ہو رہی ہے، اور کئی کسانوں نے خودکشی بھی کر لی ہے ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر وہ الیکشن جیتتے ہیں تو وہ سب سے پہلے علاقے میں ایک سپر اسپیشلٹی ہسپتال بنائیں گے تاکہ لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے تعلیم، نکاسی آب اور پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولیات کی ترقی پر توجہ دینے کا وعدہ بھی کیا۔ سوراج گھوش نے یہ بھی الزام لگایا کہ ریاستی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے لوگ آیوشمان کارڈ کے فوائد حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ سوستھیا ساتھی کارڈ صرف محدود تعداد میں اسپتالوں میں ہی کارآمد ہے، جس سے لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے۔ اگر بی جے پی مغربی بنگال میں حکومت بناتی ہے تو مرکزی حکومت کے تعاون سے سپتگرام سمیت پوری ریاست میں تیزی سے ترقیاتی کام کرائے جائیں گے ۔
Comments
Post a Comment